دانتوں میں کھانے کے زرات اور وضو

فتویٰ : شیخ محمد بن صالح عثیمین

سوال : ایک اسلامی بہن دریافت کرتی ہے کہ بعض اوقات کھانے کے ذرات دانتوں میں باقی رہ جاتے ہیں، کیا وضو کرنے سے پہلے ایسے ذرات سے دانتوں کو صاف کرنا ضروری ہے؟
جواب : میرے خیال میں وضو سے قبل دانتوں سے خوراک کے ذرات کا ازالہ کرنا ضروری نہیں ہے لیکن بلاشبہ ایسے اجزاء سے دانتوں کی صفائی کامل ترین طہارت ونظافت ہے، اور اس طرح دانت بیماریوں سے بہت زیادہ محفوظ رہتے ہیں، کیونکہ اگر یہ فضلات دانتوں کے اندر ہی موجود رہیں تو تعفن کا سبب بنتے ہیں جس سے دانتوں اور مسوڑوں کی بیماریاں جنم لیتی ہیں اس لئے انسان کو چاہیے کہ وہ کھانا کھانے کے بعد اچھی طرح دانتوں کی صفائی کرے تاکہ کھانے کے اجزاء ختم ہو جائیں۔ اسی طرح مسواک بھی کرنی چاہیے، کیونکہ کھانا منہ کی بو کو تبدیل کر دیتا ہے۔ مسواک کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
إنه مطهرة للفم و مرضاة للرب [صحيح البخارى]
”مسواک منہ کی صفائی اور رب کی رضا کا باعث ہے۔“
یہ اس بات کی دلیل ہے کہ جب بھی منہ کی صفائی کی ضرورت ہو تو اسے مسواک سے صاف کیا جائے۔ واللہ اعلم

 

اس تحریر کو اب تک 8 بار پڑھا جا چکا ہے۔

Leave a Reply