اُم المومنین سیدہ خدیجہ ؓ کے مناقب و فضائل

تحریر:حافظ شیر محمد

نبی کریم ﷺ کے پاس جبریل امین ؑ تشریف لائے اور فرمایا:

” فإذا ھی أتتک فاقرأ علیھا السلام من ربھا ومنّی و بشرھا ببیت فی الجنۃ من قصب، لا صخب فیہ ولا نصب”(اے اللہ کے رسول !) جب وہ (خدیجہ ؓ) آپ کے پاس آئیں تو انہیں میری اور اللہ کی طرف سے سلام کہیں اور جنت میں موتیوں والے ایک محل کی خوش خبری دے دیں جس میں نہ شور ہو گا اور نہ کوئی تکلیف۔(صحیح بخاری ۳۸۲۰وصحیح مسلم: ۲۴۳۲)

سیدنا علی بن ابی طالب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

(خیر نسائھا مریم و خیر نسائھا خدیجۃ)عورتوں میں سب سے بہتر مریم ؑ اور خدیجہ ؓ ہیں۔(صحیح بخاری : ۳۸۱۵ و صحیح مسلم : ۶۹؍۲۴۳۰)

سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ سے مروی ایک حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ نبی ﷺ سیدہ خدیجہ ؓ سے بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔ (دیکھئے صحیح بخاری : ۳۸۱۶ ، ۳۸۱۸ و صحیح مسلم : ۲۴۳۴ ، ۲۴۳۵)

سیدنا عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

(أفضل نساء أھل الجنۃ : خدیجۃ بنت خویلد وفاطمۃ بنت محمد و آسیۃ بنت مزاحم امرأۃ فرعون و مریم ابنۃ عمران )جنتی عورتوں میں سب سے افضل خدیجہ بنت خویلد، فاطمہ بنت محمد (ﷺ) ، فرعون کی بیوی آسیہ بنت مزاحم اور مریم بنت عمران ہیں۔(مسند احمد ۱؍۲۹۳ح۲۶۶۸وسندہ صحیح و صححہ ابن حبان، الاحسان:۶۹۷۱ ؍۷۰۱۰و الحاکم ۲؍۵۹۴، ۳؍۱۶۰ ، ۱۸۵ ووافقہ الذہبی)

پہلی وحی کے بعد جب رسول اللہ ﷺ گھر تشریف لائے تو سیدہ خدیجہ ؓ نے آپ کی تصدیق کرتے ہوئے فرمایا: ‘‘ واللہ !ما یحزنک اللہ أبداً’’اللہ کی قسم!اللہ آپ کو کبھی غمگین نہیں کرے گا۔ (صحیح بخاری: ۲واللفظ و صحیح مسلم:۱۶۰)

معلوم ہوا کہ نبی کریم ﷺ پر سب سے پہلے ایمان لانے کا شرف سیدہ خدیجہ ؓ  کو حاصل ہے۔نبی کریم ﷺ کی چاروں بیٹیاں ، فاطمہ ، رقیہ، زینب اور ام کلثوم ؓ خدیجہ ؓ سے پیدا ہوئی تھیں۔ آپ ﷺ نے خدیجہ ؓ  کی موجودگی میں دوسری شادی نہیں کی۔نبی ﷺ کی ازواجِ مطہرات میں سیدہ خدیجہ ؓ  کا بہت بڑا مقام ہے۔

حافظ ابن حجر العسقلانی آپ کے بارے میں کہتے ہیں: ‘‘ زوج النبی ﷺ و أول من صدقت ببعثتہ مطلقاً ’’ نبی ﷺ کی زوجہ جنہوں نے مطلقاً آپ کی نبوت کی تصدیق سب سے پہلے کی۔  (الاصابۃ ص ۱۶۷۱)

صغار تابعین میں سے امام زہری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

‘‘ أول امرأۃ تزوجھا رسول اللہ ﷺ خدیجۃ بنت خویلد بن أسد بن عبدالعزیٰ بن قُصی، تزو جھا فی الجاھلیۃ و أنکحہ إیا ھا أبو ھا خویلد بن أسد فولدت لرسول اللہ ﷺ القاسم، بہ کان یکنی و الطاھر و زینب و رقیۃ و أم کلثوم و فاطمۃ رضی اللہ عنھم’ ’پہلی عورت جس سے رسول اللہ ﷺ نے شادی کی خدیجہ بنت خویلد بن اسد بن عبد العزیٰ بن قصی ہیں۔ آپ نے یہ نکاح بعثتِ نبوت سے پہلے کیا تھا۔ یہ نکاح خدیجہ ؓ کے والد خویلد بن اسد نے کرایا تھا۔ خدیجہ ؓ سے آپ ﷺ کے دو بیٹے : قاسم، طاہر اور چار بیٹیاں: زینب ، رقیہ ، ام کلثوم اور فاطمہ پیدا ہوئیں۔ رضی اللہ عنہم قاسم کی وجہ سے آپ کی کنیت ابو القاسم تھی۔(کتاب المعرفۃ و التاریخ ۳؍۲۶۷ وسندہ حسن، دلائل النبوۃ للبیہقی ۲؍۶۹)

اس تحریر کو اب تک 32 بار پڑھا جا چکا ہے۔

Leave a Reply