دنیا اور آخرت…….؟

تحریر:                                                                                                  حافظ ندیم ظہیر
﴿یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ قُلۡ لِّاَزۡوَاجِکَ اِنۡ کُنۡـتُنَّ تُرِدۡنَ الۡحَیٰوۃَ الدُّنۡیَا وَ زِیۡنَتَہَا فَتَعَالَیۡنَ اُمَتِّعۡکُنَّ وَ اُسَرِّحۡکُنَّ سَرَاحًا جَمِیۡلًا ﴿۲۸﴾ وَ اِنۡ کُنۡـتُنَّ تُرِدۡنَ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ الدَّارَ الۡاٰخِرَۃَ فَاِنَّ اللّٰہَ اَعَدَّ لِلۡمُحۡسِنٰتِ مِنۡکُنَّ اَجۡرًا عَظِیۡمًا ﴿۲۹﴾ یٰنِسَآءَ النَّبِیِّ مَنۡ یَّاۡتِ مِنۡکُنَّ بِفَاحِشَۃٍ مُّبَیِّنَۃٍ یُّضٰعَفۡ لَہَا الۡعَذَابُ ضِعۡفَیۡنِ ؕ وَ کَانَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیۡرًا ﴿۳۰
اے نبی (ﷺ)! آپ اپنی بیویوں سے کہہ دیجئے کہ اگر تمہاری مراد زندگانی دنیا اور زینت دنیا ہے تو آؤ میں تمہیں کچھ دے دلا دوں اور تمہیں اچھائی کے ساتھ چھوڑ دوں ۔اور اگر تمہاری مراد اللہ اور اس کا رسول(ﷺ) اور آخرت کا گھر ہے تو یقین مانو کہ تم میں سے نیک کام کرنے والیوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے زبردست اجر رکھ چھوڑے ہیں۔ اے نبی (ﷺ) کی بیویو! تم میں سے جو بھی بد اخلاقی کرے گی اسے دہرا عذاب کیا جائےگا ۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ بہت ہی آسان سی بات  ہے ۔(الاحزاب : ۲۸ تا ۳۰)

فقہ القرآن:
٭       ان آیات میں اس واقعے کی طرف اشارہ ہے کہ جب ازواج مطہراتؓ نے نبی کریم ﷺ سے کچھ زیادہ نان و نفقہ کا مطالبہ کیا، جسے آپ نے ناپسند فرمایا اور وقتی طور پر ان سے علیحدگی اختیار فرمالی ، جس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں۔

اُم المؤمنین سیدہ عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ کو حکم ہوا کہ اپنی بیویوں کو اختیار دے دیں تو آپ ﷺ نے پہلے مجھ سے پوچھا، آپ ﷺ نے فرمایا:”میں تم سے ایک بات کہتا ہوں لیکن تم جواب دینے میں جلدی نہ کرنا جب تک اپنے والدین سے مشورہ نہ کرلو” آپ کو علم تھا کہ میرے والدین مجھے آپ سے جدا ہونے کا مشورہ نہیں دیں گے پھر آپ ﷺ نے یہی آیات تلاوت فرمائیں ﴿یٰٓاَیُّھَا النَّبِیُّ قُلْ لَّاَزْوَاجِکَإلخ تو میں نے کہا: میں اپنے والدین سے کیا رائے لوں گی۔ میں تو اللہ، اس کا رسول ﷺ اور آخرت کا گھر چاہتی ہوں۔ پھر نبی کریم ﷺ کی باقی ازواج نے بھی ایسا ہی کیا جو میں نے کیا (صحیح البخاری :۴۷۸۶) سیدہ عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺنے ہمیں اختیار دیا تھا (کہ آپ ﷺ کے ساتھ رہیں یا طلاق لے لیں) پس ہم نے اللہ اور اس کے رسو ل (ﷺ) کا انتخاب کیا لہذا دئیے گئے اختیار کو طلاق نہیں سمجھا گیا (صحیح البخاری :۵۲۶۲)

٭       بیویوں کو اختیار دینا کہ “چاہے تو نکاح میں رہ چاہے تو (بذریعہ طلاق احسن طریقے سے) جدا ہوجا” جائز ہے۔

٭       اُمہات المؤمنینؓ کی عظمت و شان کا بیان کہ انہوں نے دنیا اور اس کی زینت کے مقابلہ میں اللہ ، اس کے رسول ﷺ اور آخرت کا انتخاب فرمایا۔

٭       سنت کے عین مطابق عمل صالح اجر عظیم کا مستحق بناتا ہے ۔

٭       جس قدر زیاد ہ علم اور منزلت و مرتبت عطا کی گئی ہوگی اُسی قدر پکڑ زیادہ سخت ہوگی کیونکہ ایسے حضرات صرف اپنی ذات تک محدود نہیں ہوتے بلکہ پورا معاشرہ (ان کی نیکی یا گناہ سے) متاثر ہوتا ہے۔           واللہ أعلم بالصواب

یہ تحریر اب تک 3 لوگ پڑھ چکے ہیں، جبکہ صرف آج 1 لوگوں نے یہ تحریر پڑھی۔

Leave a Reply