ضعیف حدیث پر فضائل میں عمل

 از    June 15, 2014

بعض لوگ فضائل میں (جب مرضی کے مطابق ہوں تو) ضعیف روایات کو حجت تسلیم کرتے ہیں اور ان پر عمل کے قائل و فاعل ہیں لیکن محققین کا ایک گروہ ضعیف حدیث پر مطلقاً عمل نہ کرنے کے قاعل اور فاعل ہیں یعنی احکام و فضائل میں ان کے نزدیک ضعیف حدیث ناقابل عمل ہے۔

 جمال الدین قاسمی (شامی)نے ضعیف حدیث کے بارے میں پہلا مسلک یہ نقل کیا ہے کہ : 

“احکام ہوں یا فضائل ، اس پر عمل نہیں کیا جائے گا، اسے ابن سید الناس نے عیون الاثر میں ابن معین سے نقل کیا ہے، اور (سخاوی نے ) فتح المغیث میں ابوبکر بن العربی سے منسوب کیا ہے اور ظاہر ہے کہ امام بخاری و امام مسلم کا یہی مسلک ہے صحیح بخاری کی شرط اس پر دلالت کرتی ہے، امام مسلم نے ضعیف حدیث کے راویوں پر سخت تنقید کی ہے ، دونوں اماموں نے اپنی کتابوں میں ضعیف روایات میں سے ایک روایت بھی فضائل و مناقب میں نقل نہیں کی“(قواعد التحدیث ص ۱۱۳، الحدیث حضرو:۴ ص۷) 

 عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ مرسل روایات کو سننے کے ہی قائل نہ تھے(دیکھئے مقدمہ صحیح مسلم ح:۲۱ والنکت علی کتاب ابن الصلاح ۵۵۳/۲) معلوم ہوا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہ ضعیف حدیث کو فضائل میں بھی حجت تسلیم نہیں کرتے تھے۔

حافظ ابن حبان فرماتے ہیں: “کان ماروی الضعیف ومالم یروفی الحکم سیان” گویا کہ ضعیف جو روایت بیان کرے اور جس روایت کا وجود ہی نہ ہو، وہ دونوں حکم میں ایک برابر ہیں (کتاب المجروحین :۳۲۸/۱ ترجمۃ سعید بن زیاد بن قائد) 

مروان (بن محمد الطاطری)کہتے ہیں کہ میں نے (امام)لیث بن سعد (المصری) سے کہا:“آپ عصر کے بعد کیوں سو جاتے ہیں جبکہ ابن لھیعہ نے ہمیں عن عقیل عن مکحول عن النبی ﷺ کی سند سے حدیث بیان کی ہے کہ :جو شخص عصر کے بعد سوجائے پھر اس کی عقل زائل ہو جائے تو وہ صرف اپنے آپ کو ہی ملامت کرے۔
لیث بن سعد نے جواب دیا:“لا أدع ما ینفعني بحدیث ابن لھیعۃ عن عقیل” مجھے جس چیز سے فائدہ پہنچتا ہے، میں اسے ابن لھیعہ کی عقیل سے حدیث کی وجہ سے نہیں چھوڑ سکتا” (الکامل لابن عدی : ۱۴۶۳/۴ اوسندہ صحیح)

تنبیہ : ابن لھیعہ ضعیف بعد اختلاط و مدلس ہے اور یہ سند مرسل ہے لہذا ضعیف ہے ۔

حافظ ابن حجر العسقلانی  فرماتے ہیں کہ:“ولا فرق في العمل بالحدیث في الأحکام أوفی الفضائل إذ الکل شرع” احکام ہوں یا فضائل ، ضعیف حدیث پر عمل کرنے میں کوئی فرق نہیں ہے کیونکہ یہ سب(اعمال) شریعت ہیں۔(تبیین العجب بماوردفی فضائل رجب ص ۷۳) 

نئے مضامین بذریعہ ای میل حاصل کیجیے

ٹویٹر پر فالو کیجیے

تمام مضامین

About Tohed.com

Tohed.com is an Urdu Islamic Website, aiming to preach true Islamic Information based on Qur'an and Sunnah. Here you can find out hundreds of urdu articles by reputed scholars. It's a completely non-commercial project with an objective to propagate Information about Islam in native language for the sub-continent readers.